
جمهوریہ مالاوی کے ایک شیعہ آبادی والے گاؤں میں ’’حضرت محسن بن علی علیہ السلام‘‘ کے نام سے ایک اسکول کا سنگِ بنیاد کمپین امام حسین علیہ السلام فار آل کی سرپرستی اور نگرانی میں رکھا گیا۔
یہ وہی کمپین ہے جو اہلِ بیت علیہمالسلام کی ثقافت کو فروغ دینے اور دنیا بھر کی محروم شیعہ برادریوں کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ شیعہ نشین گاؤں اب تک کسی ایسے اسکول یا تعلیمی مرکز سے محروم تھا جو وہاں کے دینی و ثقافتی تقاضوں کے مطابق ہو۔
اس گاؤں کے بچے اور نوجوان کئی برسوں سے تعلیم، قرآن آموزی اور معارفِ اہلِ بیت علیہمالسلام کے حصول کے لئے مناسب جگہ سے محروم رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل یہاں کے لوگوں کی ایک اہم اور دیرینہ ضرورت بن چکی تھی۔
کمپین کے ذمہ داران نے اس بات پر زور دیا کہ ’’حضرت محسن بن علی علیہ السلام‘‘ اسکول صرف ایک عام تعلیمی ادارہ نہیں ہوگا، بلکہ یہ دینی آگاہی کے فروغ، عقیدتی اور قرآنی کلاسوں کے انعقاد، اور نوجوان نسل کی تربیتِ حسینی کے لئے ایک مرکزی جگہ بنے گا۔
یہ مرکز اس محروم علاقے کے بچوں کے مستقبل کو سنوارنے اور ان کی دینی شناخت کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔




