نائجیریا میں اغوا شدہ 24 طالبات بازیاب
نائجیریا میں اغوا شدہ 24 طالبات بازیاب
نیجریا کے شمال مغربی علاقے میں ایک ہفتہ قبل سرکاری بورڈنگ اسکول سے اغوا کی جانے والی 24 طالبات کو بازیاب کرایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عسکریت پسندوں نے 17 نومبر کو صوبہ کیبی کے ایک اسکول پر حملہ کیا تھا جب فوجی اہلکار گشت سے واپس گئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد صوبہ کوارا اور نائجر میں بھی اسی طرز کے اغوا کے واقعات پیش آئے۔صدر بولا احمد ٹینوبو نے منگل کو طالبات کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ باقی مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں تیز کریں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت متاثرہ علاقوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔
نائجیریا کے شمالی علاقوں میں تاوان کے لیے اغوا کے واقعات عام ہو چکے ہیں، جہاں مسلح گروہ دیہی آبادیوں اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، جبکہ مقامی سیکیورٹی فورسز اکثر ان حملوں کو روکنے میں ناکام رہتی ہیں۔




