ایشیاء

تھائی لینڈ: تدفین سے پہلے زندہ ہونے کا حیرت انگیز واقعہ

تھائی لینڈ: تدفین سے پہلے زندہ ہونے کا حیرت انگیز واقعہ

تھائی لینڈ کے صوبے پھتسانُلوک سے تعلق رکھنے والی 65 سالہ چنتھیروت نامی خاتون کو گھر والوں نے اس وقت مردہ سمجھ لیا جب وہ اچانک بے ہوش ہو کر بالکل بے حرکت ہو گئیں اور ان کی سانس بھی محسوس نہ ہوئی۔
اہلِ خانہ نے ان کی طبعی حالت، دو سال سے بستر پر ہونے اور سانس و حرکت محسوس نہ ہونے کی بنا پر گمان کر لیا کہ وہ دنیا سے جا چکی ہیں اور مقامی رسومات کے مطابق تدفین اور آخری رسومات کی تیاری شروع کر دی۔
اہلِ خانہ نے مالی تنگی کے باعث ایسے مندر سے رجوع کیا جہاں غریب خاندانوں کے لیے مفت تدفین اور آخری رسومات کی سہولت موجود ہے، چنانچہ خاتون کو سفید تابوت میں رکھ کر تقریباً چار گھنٹے کا سفر طے کرتے ہوئے ٹرک کے ذریعے وہاں لے جایا گیا۔
جب مندر کے احاطے میں تابوت کو ٹرک سے اتارنے کا وقت آیا تو مندر کے ایک کارکن کو تابوت کے اندر سے دھیمی دستک اور مدھم آواز سنائی دی جس نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔
کارکن نے تابوت پر پڑا کپڑا ہٹایا تو دیکھا کہ خاتون ہل رہی ہیں، آہستہ آہستہ سانس لے رہی ہیں، سر سے اشارے کر رہی ہیں لیکن بولنے سے قاصر ہیں، جس پر فوری طور پر ایمبولینس بلائی گئی اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مندر کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ وہ خاتون کے علاج کے اخراجات خود برداشت کرے گی، جبکہ خاتون کے بھائی مونگکول نے اسے اپنی بہن کے لیے معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صدمے، حیرت اور خوشی کے ملے جلے احساس سے تقریباً بے ہوش ہونے والے تھے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button