اسلامی دنیاافغانستانخبریں
ہرات میں طالبان کے نئے حکم نے خواتین کی طبی خدمات تک رسائی محدود کر دی
تنظیم ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز (MSF) نے اعلان کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے ہرات کے تمام اسپتالوں میں خواتین کے لئے برقع پہننا لازمی قرار دینے کے حکم نے خواتین مریضوں کی آمد میں نمایاں کمی پیدا کر دی ہے۔
شیعہ خبررساں ایجنسی نے گارڈین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اس حکم کے مطابق، جو 5 نومبر سے نافذ کیا گیا ہے، خواتین کو صرف اس صورت میں طبی مراکز میں داخلے کی اجازت ہے جب وہ برقع پہنے ہوں۔
ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پابندیاں علاج میں تاخیر اور خواتین و بچوں میں اموات میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
ماہرین نے بھی انتباہ دیا ہے کہ یہ پالیسی خواتین کی ضروری طبی نگہداشت — جن میں ٹیکہ کاری اور دائمی بیماریوں کا علاج شامل ہے — تک رسائی کو شدید طور پر محدود کر سکتی ہے اور ہرات میں عوامی صحت کے بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔




