وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت الله حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے؛ انسان کی کامیابی کے لیے تقوائے الٰہی کا دامن تھامے رکھنا لازم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید خود کہتا ہے کہ میرا دامن تھام لو، مجھ میں شفا اور ترقی کی راہیں ہیں۔
آیت الله سید حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ قرآن مجید میں ہر چیز کا جواب ہے؛ اصل دین قرآن مجید ہی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی وفات سے چھ مہینے پہلے فرما دیا تھا کہ میں تمہارے درمیان دو گراں قدر چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں: ایک قرآن اور دوسری میری عترت اہل بیت، جو بھی ان دونوں سے متمسک رہے گا، کامیابی اس کا مقدر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر قرآن مجید سے مجھے کسی مسئلے کا حل نہیں ملتا تو اس میں میرا قصور ہے، کیونکہ میری سطح اس سے کم ہے کہ میں قرآن کو سمجھ سکوں، حالانکہ قرآن مجید کا یہ دعویٰ صادق ہے کہ مجھ میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائے زندگی سے لے کر وفات تک سردار الانبیاء صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی پوری زندگی اور سیرتِ طیبہ ہمارے سامنے ہے؛ جس میں انسانوں کی بھلائی اور رہنمائی موجود ہے۔




