ایامِ عزائے فاطمی: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے غم و مظلومیت کی یاد کا موسم
ایامِ عزائے فاطمی: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے غم و مظلومیت کی یاد کا موسم
ایامِ عزائے فاطمی، رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ کی دختر گرامی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے تجدیدِ عہد کا موقع ہے۔ روایت کے مطابق، ان کی شہادت، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ کی شہادت کے 75 دن بعد واقع ہوئی۔
یہ ایام دنیا بھر میں غم و سوگواری کی مجلسوں کے ذریعہ منائے جاتے ہیں، تاکہ اس صبر، ایثار اور مظلومیت کی مثالی ہستی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے، جو آج بھی تمام مسلمانوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔
ان ایام میں، شیعیانِ اہل بیت علیہم السلام مجالسِ عزا، خطابات، نوحہ و مرثیہ خوانی کے ذریعہ اس عظیم سیدہ کی یاد تازہ کرتے ہیں اور ان کی فداکاریوں اور صبر پر اشکِ غم بہاتے ہیں۔
ایامِ عزائے فاطمی، دینی اقدار کی تجدید اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع ہے — وہ ہستی جو ہمیشہ حق کی حمایت، صبر اور اسلام و اہل بیت علیہم السلام کے لئے قربانی کی علامت رہیں۔
دنیا بھر کے شیعہ مسلمان، ان ایام میں مساجد، امام بارگاہوں اور اسلامی مراکز میں مجالسِ عزا کا اہتمام کرتے ہیں، تاکہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت، فداکاری اور بلند مقام کو یاد کیا جا سکے۔
ان محافل میں سوز و سلام، خطابات اور سوگواری کی مجالس کے ذریعہ دختر نبی کی یاد زندہ رکھی جاتی ہے اور ان کی تعلیمات اور سیرتِ پاک پر تاکید کی جاتی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ اور ان سے وابستہ دفاتر و ادارے بھی دنیا بھر میں ان ایام کو نہایت عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔
یہ مراکز، مجالسِ عزا، مذہبی پروگرامز اور معارفِ فاطمی کی ترویج کے ذریعے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عظیم مقام و مرتبہ کو اجاگر کرتے ہیں۔
ایامِ عزائے فاطمی میں ان شعائر کی تعظیم، اہل بیت علیہم السلام سے تجدیدِ وفاداری اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت پر غور و عمل کا ذریعہ بنتی ہے۔




