ہندوستان: راجستھان میں بھارت مالا ایکسپریس وے پر خوفناک سڑک حادثہ، 15 افراد ہلاک
هندوستان: راجستھان میں بھارت مالا ایکسپریس وے پر خوفناک سڑک حادثہ، 15 افراد ہلاک
جودھ پور: اتوار کی شام پھلودی ضلع کے ماتوڈا تھانہ علاقے میں بھارت مالا ایکسپریس وے پر ایک خوفناک سڑک حادثے میں 15 lفراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اوسیان اسپتال منتقل کیا گیا۔
پھلودی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کندن کنواریا نے بتایا کہ پولیس جائے وقوعہ پر بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف ہے۔ اب تک 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اچل سنگھ دیورا نے بتایا کہ ایک تیز رفتار ٹیمپو ٹریولر بھارت مالا ایکسپریس وے پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا، حادثہ میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ دو زخمیوں کو اوسیان ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں گرین کوریڈور کے ذریعے جودھ پور کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ جائے وقوعہ پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ پھلودی پولس اسٹیشن کے افسر امنارام نے بتایا کہ یہ حادثہ مٹوڈا میں ہنومان ساگر چوراہے کے قریب پیش آیا۔ ٹیمپو ٹریولر سورساگر، جودھپور سے ایک خاندان کو لے کر کولیات جارہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ گھر والوں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
حادثہ انتہائی خوفناک تھا، ٹیمپو پوری طرح تباہ ہوگیا۔ پولیس کو لاشیں نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایکسپریس وے پر ڈرائیوروں کی مدد سے ٹیمپو سے لاشیں نکالی گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جودھ پور کے پولس کمشنر اوم پرکاش ماتھرداس ماتھر اسپتال پہنچے اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وکاس راجپوروہت کے ساتھ مل کر زخمیوں کے علاج کے انتظامات کا جائزہ لیا۔




