موریتانیہ میں 50 ہزار قرآنِ کریم کی تقسیم کی قومی مہم کا آغاز
موریتانیہ میں 50 ہزار قرآنِ کریم کی تقسیم کی قومی مہم کا آغاز
موریتانیہ کی قرآن ایسوسی ایشن نے پورے ملک میں 50 ہزار نسخوں پر مشتمل قرآنِ کریم کی تقسیم کی قومی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ نسخے قراءتِ ورش میں طبع کیے گئے ہیں اور انہیں دینی مدارس (محاضر)، مساجد اور تعلیمی اداروں میں تقسیم کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد قرآن فہمی کے فروغ اور موریتانیہ میں مستند و اعلیٰ معیار کے قرآنِ کریم تک آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
مہم کی افتتاحی تقریب ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر نوواکشوط میں منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، قراء اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے قرآن حفظ و تعلیم کے فروغ میں ایسوسی ایشن کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔
وزارتِ امورِ اسلامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد الامین ولد شیخنہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ موریتانیہ میں قرآنِ کریم کی مسلسل ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں قائم ہونے والا "دارالقرآن” قرآن کے نسخوں کے جائزے اور ان کی منظوری کے بعد ہی سرکاری تقسیم کا ذمہ دار ہے۔
دارالقرآن کے سربراہ ڈاکٹر سیدی عبدالقادر تفیل نے طلبہ کی خدمت اور روایتی قرآنی مدارس کے کردار کو برقرار رکھنے میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
قرآن ایسوسی ایشن کے صدر شیخ ڈاکٹر شیخنہ سیدی الحاج نے کہا کہ یہ مہم 2023 کی کامیاب مہم کے بعد دوسری بڑی کوشش ہے، جو تعلیمی اداروں کی مدد اور قرآنی تعلیم کے فروغ کے لیے ایسوسی ایشن کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔
 
				 
					



