بغیر وضو اسمائے الٰہی کو چھونا جائز نہیں :آیت اللہ العظمیٰ شیرازی
آیت اللہ العظمیٰ شیرازی: بغیر وضو اسمائے الٰہی کو چھونا جائز نہیں آیت اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کا یومیہ علمی اجلاس بدھ، 6 جمادی الاولٰی 1447ھ کو منعقد ہوا۔اس نشست میں معظم لہ نے حسب روایت مختلف فقہی مسائل پر سامعین کے سوالات کے جوابات دیے۔
آیت اللہ العظمیٰ شیرازی نے اذان و اقامہ کے الفاظ کو بغیر وضو چھونے کے مسئلے پر فرمایا کہ اذان اور اقامہ کے عام جملے بلا وضو چھوئے جا سکتے ہیں، البتہ جہاں خدا کے نام (جیسے "اللہ” یا "اللہ اکبر”) آتے ہیں، انہیں بلا وضو چھونا جائز نہیں۔انہوں نے آیت ۷۹ سورۂ واقعہ کا حوالہ دیا: "لَا یَمَسُّهُ إِلَّا الْمُطَهَّرُونَ” یعنی قرآن کو صرف پاک افراد ہی چھو سکتے ہیں۔
مزید فرمایا کہ اسمائے حسنیٰ کو بغیر وضو چھونا جائز نہیں اور اس مسئلے پر فقہا کا اجماع ہے۔ البتہ معصومین علیہم السلام کے اسماء کے بارے میں بعض فقہا نے احتیاط واجب کا قول کیا ہے، اور بہتر یہی ہے کہ احترام کے طور پر بلا وضو انہیں بھی نہ چھوا جائے۔آخر میں انہوں نے وضاحت کی کہ ایسے نام جیسے عبداللہ یا نصراللہ چونکہ اسم "اللہ” پر مشتمل ہیں، اس لیے ان میں موجود نامِ خدا کو بلا وضو چھونا بھی جائز نہیں۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔
 
				 
					



