ہندوارہ (شمیم بٹ) : شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں بدھ کی شام ایک پر اسرار دھماکے میں چار افراد زخمی ہو گئے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق زخمی ہوئے سبھی شہریوں کی عمر اٹھارہ سال سے کم ہے اور یہ دھماکہ ایک مقامی اسکول کے نزدیک کھیتوں میں ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ یہاں زنگ آلودہ اور پھٹنے سے رہ گیا ایک بارودی شیل زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس میں یہ چاروں افراد، جن کی عمر چودہ سے پندرہ برس کے آس پاس بتائی جا رہی ہے، شدید زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال (جی ایم سی) ہندوارہ منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ قصبہ کے نوبل اسکول، کُلنگام کے نزدیک دھان کے کھیتوں میں رونما ہوا۔ تاہم یہ شیل یہاں کیسے آیا اس بات کی فوری طور پر معلومات نہیں ہو سکی، وہیں اس حادثے کے بعد سیکورٹی ایجنسیز بھی متحرک ہو گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس طرح کے واقعات جموں کشمیر میں ماضی میں بھی رونما ہوئے ہیں جہاں پھٹنے سے رہ گئے بارودی شیل، گرینیڈ دھماکے وغیرہ کے سبب شہری اموات رونما ہو چکی ہیں۔




