
حرم امام حسین علیہ السلام کربلا عراق اور جامعۃ الکوثر پاکستان کے اشتراک سے جامعہ الکوثر میں ایک عظیم الشان "الامام الحسین علیہ السلام رمز وحدتنا” بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا آغاز حافظ اکبر رجائی نے تلاوت کلام پاک سے کیا، افتتاحی کلمات علامہ اشرف حسین آخوند زادہ نے ادا کئے۔ بعدہ پاکستان کے طول و عرض سے آنے والے مختلف مسالک کے علماء کرام و مشائخ عظام نے اپنے خیالات پیش کئے۔
رہبر شیعیان پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، استاد عباس الغفاجی مسئول انٹرنیشنل میڈیا سینٹر حرم امام حسین علیہ السلام اور الشیخ علی القرعاوی نمائندہ حرم امام حسین علیہ السلام کے علاوہ دیگر مذہبی اور قومی شخصیات نے تقاریر کیں۔

مقررین نے مرحوم علامہ شیخ محسن نجفی کی بلندی درجات کے لئے دعا کی اور ان کے فرزند علامہ شیخ انور علی نجفی کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے جامعہ الکوثر میں "امام حسین علیہ السلام ثقافتی مرکز "کے قیام اور علماء و مشائخ کانفرنس کے اہتمام کو ایک تاریخ ساز اقدام قرار دیا۔ کانفرنس میں عتبہ حسینیہ کے ترقیاتی پراجیکٹس اور دکھی انسانیت کے لئے جاری منصوبوں پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔




