اسلامی دنیاخبریں

بیروت اور مڈغاسکر میں حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے جشنِ ولادت کی روح پرور تقاریب

عقیلہ بنی ہاشم، صدیقہ صغری، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں جشنِ مسرت کی تقاریب منعقد ہوئیں۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ سے وابستہ مرکز، حسینیہ امام حسین بن علی سید الشہداء علیہ السلام میں 4 جمادی الاولیٰ 1447 ہجری کو ایک پُرعقیدت جشنِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مومنین اور محبانِ اہل بیت علیہم السلام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے صبر، شجاعت اور استقامت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی سیرتِ درخشاں کو امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

اسی طرح مڈغاسکر کے شہر ماہاجانگا میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی سے وابستہ مرکز، حسینیہ سلطان المؤلفین میں بھی جشنِ میلادِ حضرت زینب سلام اللہ علیہا نہایت شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس روحانی تقریب میں مقررین نے جنابِ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب اور اُن کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پر دفترِ مرجعِ عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کی جانب سے دو طالبات کو، جو حال ہی میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہوئی تھیں، اعزازات سے نوازا گیا۔

دنیا کے مختلف خطوں میں منعقد ہونے والے یہ جشنِ میلاد حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے مقامِ رفیع، اُن کی علم و بصیرت اور صبر و فداکاری کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہیں، جو آج بھی اہلِ ایمان کے لیے الہام کا سرچشمہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button