پاکستان: اداکارہ میمونہ قدوس کے خلاف مبینہ توہینِ عزاداری پر مقدمہ دائر کرنے کی درخواست
پاکستان: اداکارہ میمونہ قدوس کے خلاف مبینہ توہینِ عزاداری پر مقدمہ دائر کرنے کی درخواست
لاہور — سوشل میڈیا پر ایک پوڈکاسٹ کے دوران شیعہ مکتبِ فکر اور عزاداریِ امام حسین علیہ السلام سے متعلق متنازع بیانات دینے کے الزام میں اداکارہ اور ماڈل میمونہ قدوس کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست لاہور کی سیشن عدالت میں دائر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ رِٹ پٹیشن ایڈووکیٹ خاور عباس بہلول کی جانب سے سی سی پی او لاہور کے خلاف دائر کی گئی ہے، جس میں میمونہ قدوس اور پوڈکاسٹ کے میزبان عمر ثانی کو فریق نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ دونوں افراد نے گفتگو کے دوران عزاداریِ امام حسین علیہ السلام اور عزاداران کے حوالے سے ایسے تبصرے کیے جو شیعہ عقائد کی توہین کے زمرے میں آتے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دیا جائے۔
یاد رہے کہ مذکورہ پوڈکاسٹ میں میمونہ قدوس نے عزاداری سے متعلق کچھ ایسے ریمارکس دیے تھے جنہیں سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا، اور مذہبی طبقوں کی جانب سے ان بیانات پر احتجاج بھی سامنے آیا۔
عدالتی کارروائی آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔




