خبریںہندوستان

جس کی گردن پر لوگوں کا حق ہے وہ کاروان حق میں شامل ہونے کے لائق نہیں: مولانا سید روح ظفر رضوی

ممبئی۔ خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں 24 اکتوبر 2025 کو نماز جمعہ امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر رضوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی سے دل روشن اور منور ہوتے ہیں اور قیامت میں نجات ملتی ہے۔

امام جمعہ ممبئی نے مزید فرمایا: ہر انسان نجات کا خواہاں ہے اور اللہ نے نجات خود انسان کے سپرد کر دی ہے کہ تم جیسا عمل کرو گے ویسے ہی نجات ملے گی۔ لہذا انسان کی نجات کا ضامن خود اس کا عمل ہے یعنی جو اللہ نے واجب کیا ہے اسے ادا کرے اور جو حرام قرار دیا ہے اسے انجام نہ دے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے قرآنی آیات اور معصومین علیہم السلام کی روایات بیان کرتے ہوئے فرمایا: عمل صالح میں جہاں اللہ کے حقوق کی ادائیگی ضروری ہے وہیں بندگان خدا کے حقوق کی ادائیگی بھی لازم ہے۔ لہذا انسان نہ اللہ کی عبادت سے غافل ہو اور نہ ہی اس کے بندوں کی خدمت سے غافل رہے۔

امام جمعہ خوجہ مسجد نے فرمایا: صرف تیر و تلوار یا اسلحے سے حملہ کرنے والا ظالم نہیں ہے بلکہ جھوٹ، غیبت، تہمت جیسے گناہ انجام دینے والا بھی ظالم ہے۔ لہذا جو انسان ان مظالم سے خود کو محفوظ رکھے گا اسی کا عمل "عمل صالح” کہا جائے گا۔ یاد رہے کہ قرآنی آیت کے مطابق روز قیامت ذرہ برابر نیکی اور ذرہ برابر برائی کا بھی حساب ہوگا۔

حقوق العباد کی اہمیت کے سلسلہ میں امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی حدیث کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: شرک وہ گناہ ہے جو کبھی معاف نہیں ہوگا، البتہ اللہ اپنے حق کو معاف کر سکتا ہے لیکن حقوق العباد کو وہ معاف نہیں کرے گا جب تک کہ خود وہ شخص معاف نہ کرے جس پر ظلم ہوا ہے۔

امام جمعہ ممبئی نے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی حدیث ” دنیا کی تمام تکلیفیں برداشت کرنا میرے لئے آسان ہے بنسبت اس کے کہ میری گردن پر کسی کا حق ہو۔” بیان کرتے ہوئے فرمایا: ہم امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے محب اور شیعہ ہیں ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا کہ کیا میری گردن پر کسی کا کوئی حق تو نہیں ہے؟ افسوس کہ ہم اپنی خواہشات کو حکم خدا سمجھتے ہیں اور اصل حکم خدا سے غافل ہیں۔ لیکن یاد رہے اگر ہم حکم خدا کی پیروی کریں گے تو جنتی ہوں گے اور اگر اپنی خواہشات کی پیروی کریں گے تو جہنمی ہوں گے۔

خوجہ مسجد ممبئی کے امام جمعہ و جماعت نے روایت ” اللہ قرض کے علاوہ شہید کے سارے گناہ معاف کر دے گا۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: شب عاشور امام حسین علیہ السلام نے اپنے اصحاب سے یہی فرمایا تھا کہ جس کی گردن پر کسی کا حق ہو وہ چلا جائے۔ یعنی جس کی گردن پر لوگوں کا حق ہے وہ کاروان حق میں شامل ہونے کے لائق نہیں ہے۔ لہذا ہمیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے حدیث نبوی بیان کرتے ہوئے فرمایا: سب سے بڑے گھاٹے میں وہ شخص ہے جس کی گردن پر لوگوں کا حق ہے، جس نے غیبتیں کی ہیں، دوسروں پر تہمتیں لگائی ہیں، دوسروں کی توہین کی ہے، لوگوں کے خلاف سازشیں کی ہیں۔

امام جمعہ ممبئی نے ماہ جمادی الاول کی مناسبتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: اخلاص کے ساتھ اہل بیت علیہم السلام کا ذکر کریں خاص طور سے عزائے فاطمی میں اخلاص کا خاص خیال رکھیں۔

آخر میں مولانا سید روح ظفر رضوی نے نوجوانوں اور جوانوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے تاکید کی کہ ہمیں اپنی قوم کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے اور ان کی تشویق کرنی چاہیے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button