
آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں جمعہ کی علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں جان بحق ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ واقعہ کلور منڈل کے چِنّا ٹیکور گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب حیدرآباد سے بنگلورو جا رہی ایک نجی مسافر بس ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
پولیس کے مطابق بس میں کل 38 مسافر سوار تھے۔ حادثے کے بعد فیول ٹینک پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جو چند لمحوں میں پورے ڈھانچے پر پھیل گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 11 مسافر زندہ جل کر ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد مزید 8 مسافروں نے دم توڑ دیا۔ جبکہ 19 مسافر کسی طرح جان بچانے میں کامیاب رہے۔ جاں بحق ہونے والے 20 افراد میں موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ صبح 3:30 اور 4:00 بجے کے درمیان پیش آیا۔ تمام لاشوں کو بس سے نکال لیا گیا ہے اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ زیادہ تر لاشیں بری طرح جل چکی ہیں، جس کی وجہ سے شناخت میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر کرنول کے گورنمنٹ جنرل اسپتال (جی جی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر، انسپکٹر جنرل آف پولیس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت کئی سینئر افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ حادثے کے بعد ہائی وے پر ٹریفک طویل عرصے تک متاثر رہا۔
اس سڑک حادثہ پر ہندوستان کی مرکزی حکومت اور آندھرا پردیش کی صوبائی حکومت اور قائد حزب اختلاف نے افسوس کا اظہار کیا۔




