مؤمن کی پہچان عبادات سے نہیں، بلکہ معاملات سے ہوتی ہے: مولانا فیروز عباس

اعظم گڑھ۔ معروف شیعہ بستی مبارکپور میں مولانا مسرور حسن مجیدی قمی مرحوم کی اہلیہ مرحومہ کی مجلسِ سوئم منعقد ہوئی، جس میں مؤمنین اور علمائے کرام نے شرکت کی۔
مجلس سے مولانا فیروز عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مؤمن کی پہچان عبادات سے نہیں، بلکہ معاملات سے ہوتی ہے؛ یہ مت دیکھو کہ کتنا بڑا نمازی ہے، یہ مت دیکھو کہ کتنا بڑا روزہ دار ہے، یہ مت دیکھو کہ کتنی بار حج کیا ہے، یہ مت دیکھو کہ کتنی کثرت سے عبادات انجام دیتا ہے، بلکہ یہ دیکھو کہ لوگوں کے ساتھ اس کے معاملات کیسے ہیں؛ بندوں کے حقوق بھی ادا کرتا ہے یا نہیں، جو خالق کے حقوق کے ساتھ ساتھ مخلوق کے حقوق بھی ادا کرتا ہے وہ مؤمن ہے وہ اللہ کے نزدیک مکرم ہے؛ اس سلسلے میں اہل بیت علیہم السلام کی سیرت تمام انسانوں کے لیے روشن نمونۂ عمل ہے۔
مجلسِ سوئم میں بزرگ عالم مولانا ناظم علی خیرآبادی، معروف اہل قلم مولانا ابن حسن املوی، مولانا جواد حیدر کربلائی، ، مولانا منہال رضا، مولانا نفیس اختر، مولانا محمد داؤد، مولانا کرار حسین اظہری، مولانا حسن اختر عابدی، مولانا مرقال رضا، مولانا کونین رضا، مولانا کاظم حسین، مولانا اقتدار حسین سمیت کثیر تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔




