افغانستان

بھارت نے کابل میں سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

بھارت نے کابل میں سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا

بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ فعال کر دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2021 میں امریکہ اور نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلا اور طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کابل میں اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا۔ تاہم 2022 میں انسانی ہمدردی، تجارت اور طبی تعاون کے لیے ایک محدود تکنیکی مشن دوبارہ تعینات کیا گیا تھا۔
اب بھارتی وزارتِ خارجہ نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ "افغان وزیرِ خارجہ کے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران کئے گئے فیصلے کے تحت، حکومت نے کابل میں موجود تکنیکی مشن کو فوری طور پر مکمل سفارتخانے کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔”
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ یہ قدم افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے بھارت کے عزم کا مظہر ہے، خاص طور پر ان شعبوں میں جو افغان عوام کی ضروریات اور توقعات کے مطابق ہوں۔
اگرچہ نئی دہلی نے طالبان حکومت کو تاحال باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، لیکن دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور حالیہ مذاکرات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ زمینی حقائق کے تحت بھارت عملی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے رواں ماہ کے آغاز میں طالبان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے دوران کابل میں سفارتخانے کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ یہ 2021 کے بعد کسی طالبان رہنما کا پہلا دورہ بھارت تھا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button