شیعہ مرجعیت

اہلِ بیت علیہم السلام کی زندگیاں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں: علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر

اہلِ بیت علیہم السلام کی زندگیاں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں: علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر

لاہور (نمائندہ خصوصی) ادارۂ منہاج الحسین علیہ السلام لاہور کے پُر وقار پینتیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ادارہ کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید حسنات، علامہ محمد سبطین اکبر، رائے ظفر علی، علامہ غلام مصطفیٰ نئیر، علامہ سید حافظ کاظم رضا نقوی اور قاسم علی قاسمی سمیت متعدد علمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارۂ منہاج الحسین علیہ السلام صرف تعلیم کے فروغ تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد امام حسین علیہ السلام کے پیغامِ حق و صداقت کو عملی زندگی میں نافذ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی زندگیاں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور انہی کے اسوۂ حسنہ پر عمل کر کے دنیا و آخرت دونوں سنواری جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ دینی و دنیاوی علوم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارہ سے منسلک طوسی پبلک اسکول بھی جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق خدمات انجام دے رہا ہے۔ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے بتایا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر تجربہ کار اساتذہ کی زیرِ نگرانی نئے تعلیمی و تربیتی پروگراموں کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

ان پروگراموں میں آٹیزم سے متاثرہ بچوں کے لیے خصوصی تربیتی نشستیں، والدین کی رہنمائی اور جدید علاجی طریقوں سے آگاہی شامل ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) سے متعلق تربیتی پروگراموں کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ والدین اور اساتذہ کو جدید تعلیمی رجحانات سے روشناس کرایا جا سکے۔

مزید برآں ابتدائی عمر کے بچوں کے لیے خوش خطی اور تخلیقی لکھائی کی تربیت پر مبنی نصاب متعارف کرایا جا رہا ہے، جو قرآنِ کریم کی سورۂ *اقرأ* اور *القلم* کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر طوسی پبلک اسکول کے نمایاں طلبہ و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button