ہندوستان: راجہ سلیم پور مرحوم سید محمد سجاد زیدی کی مجلس چہلم منعقد
هندوستان: راجہ سلیم پور مرحوم سید محمد سجاد زیدی کی مجلس چہلم منعقد
لکھنو۔ راجہ سلیم پور مرحوم سید محمد سجاد زیدی کے چالیسویں کی مجلس سلیم پور ہاؤس قیصر باغ میں منعقد ہوئی۔
اس مجلس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، بعدہ شعراء نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی امام جمعہ لکھنو نے قرآن کریم کے سورہ رعد کی پندرہویں آیت "اور جو آسمانوں اور زمینوں میں ہیں وہ سب خوشی یا ناخوشی سے اللہ کو ہی سجدہ کر رہے ہیں اور ان کے سائے بھی صبح و شام (اسی کو سجدہ کناں ہیں)۔ ” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: ہر ذی روح اللہ کا سجدہ کر رہا ہے اور کائنات کا ذرہ ذرہ اس کی تسبیح کر رہا ہے۔
مولانا سید کلب جواد نقوی نے وضاحت کرتے ہوئے مزید فرمایا: زبان حال سے ہر ذی روح اللہ کا ہی سجدہ کر رہا ہے۔
مولانا سید کلب جواد نقوی نے راجہ سلیم پور مرحوم سید محمد سجاد زیدی کا ذکر کرتے ہوئے ان کے خدمات کو سراہا اور بیان کیا کہ مرحوم سید محمد سجاد زیدی انتہائی احترام و احترام سے سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کرتے تھے اور ضرورت مندوں کی اس طرح مدد کرتے کہ کسی کو خبر نہ ہو۔
مجلس چہلم میں دینی، مذہبی، علمی، تعلیمی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور صحافتی شخصیات کے علاوہ کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔