امریکی ریاست ٹینیسی میں بارودی مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکا، متعدد ہلاکتیں
امریکی ریاست ٹینیسی میں بارودی مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکا، متعدد ہلاکتیں
امریکی ریاست ٹینیسی کے علاقے بک اسنورٹ میں واقع بارودی مواد بنانے والی فیکٹری “ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز” میں ہونے والے زور دار دھماکے سے متعدد افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہوگئے۔ یہ واقعہ ہک مین کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں حکام اور ایمرجنسی سروسز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ عوام کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ مزید چھوٹے دھماکوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ہک مین کاؤنٹی کے شیرف آفس نے فیس بک پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ہمفریز کاؤنٹی کے شیرف کرس ڈیوس نے کہا کہ دھماکا ’’انتہائی تباہ کن‘‘ تھا، جس میں کچھ ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور کئی افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ تاہم متاثرہ خاندانوں کو اطلاع دینے کے بعد ہی تفصیلات عام کی جائیں گی۔
میئر جم بیٹس کے مطابق، اس پلانٹ کا پہلے کوئی بڑا حفاظتی مسئلہ رپورٹ نہیں ہوا، البتہ 2014 میں یہاں ایک معمولی دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے۔ اس بار دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
یہ فیکٹری 1980 میں قائم ہوئی تھی اور فوجی، فضائیہ اور تجارتی مقاصد کے لیے بارودی مواد تیار کرتی ہے۔ اس کا ہیڈکوارٹر 1,300 ایکڑ پر محیط علاقے میں قائم ہے، جہاں آٹھ پیداواری عمارتیں اور ایک جانچ لیبارٹری موجود ہے۔ کمپنی نے تاحال میڈیا کے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ حکام نے علاقے کو محفوظ قرار دیا ہے، مگر خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔