ہندوستان : چیف جسٹس گوئی پر جوتا پھینکنے کی کوشش، وکیل کا لائسنس معطل
ہندوستان : چیف جسٹس گوئی پر جوتا پھینکنے کی کوشش، وکیل کا لائسنس معطل
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوئی پر جوتا پھینکنے کی کوشش کرنے والے وکیل راکیش کشور کو دہلی پولیس نے پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا، تاہم دہلی بار کونسل نے ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی وکالت کا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ کونسل نے اس فیصلے کی کاپی سپریم کورٹ رجسٹری، تمام ہائی کورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو بھی بھیج دی ہے۔
راکیش کشور کی عمر 60 سال ہے اور وہ دہلی کے میور وہار فیز-1 ایکسٹینشن میں رہائش پذیر ہیں۔ وہ 2011 سے سپریم کورٹ بار میں رجسٹرڈ وکیل ہیں اور ان کے خلاف ماضی میں کوئی تنازع سامنے نہیں آیا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سپریم کورٹ میں سماعت جاری تھی اور انہوں نے چیف جسٹس کی جانب جوتا پھینکنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں فوری طور پر پکڑ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق راکیش کشور عدالت میں نعرے لگا رہے تھے کہ "سناتن دھرم کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے”۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ اقدام چیف جسٹس کے حالیہ فیصلے سے ناراضی کے باعث کیا گیا۔ چیف جسٹس گوئی نے وکیل کو معاف کرتے ہوئے پولیس کو کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد راکیش کشور کو رہا کر دیا گیا۔