ہندوستان:اپنی عبادت گاہوں کو برباد نہیں ہونے دیں گے: مولانا سید کلب جواد
ہندوستان:اپنی عبادت گاہوں کو برباد نہیں ہونے دیں گے: مولانا سید کلب جواد
لکھنو۔ حسین آباد واقع چھوٹے امام باڑے میں ماتمی انجمنوں اور علمائے کرام کا ایک عظیم الشان اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ علمائے کرام نے حسین آباد ٹرسٹ کے زیر انتظام آنے والے امام باڑوں، کربلا اور دیگر عمارتوں کی خستہ حالی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ہماری زمین یا دکان لینے کی کوشش کرے تو ہم برداشت نہیں کرتے تو پھر ہم اپنی عبادت گاہوں کو برباد ہوتے ہوئے کیسے دیکھ سکتے ہیں۔
تمام علمائے کرام نے اپنے خطابات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنی قیمتی دینی اور تاریخی وراثت کو کسی بھی حال میں تباہ نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس میں دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا عزاداری بورڈ کے جنرل سکریٹری میثم رضوی نے کہا کہ ہم اپنی تاریخی وراثت کو مٹنے نہیں دیں گے اور انہیں بچانے کے لئے جو کچھ بھی ممکن ہوگا وہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ضرور کیا جائے گا۔
امام جمعہ لکھنو مولانا سید کلب جواد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں حسین آباد ٹرسٹ سب سے بڑا ٹرسٹ ہے جس کے پاس فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ ٹرسٹ کی اکثر عمارتیں کھنڈر بن چکی ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ٹرسٹ میں من مانی طور پر کام کیا جا رہا ہے اور ٹرسٹ کی زمینیں دوسروں کو دی جا رہی ہیں۔
مولانا سید کلب جواد نے یہ بھی کہا کہ اس وقت حسین اباد ٹرسٹ میں کوئی انتظامیہ کمیٹی موجود نہیں جس کی وجہ سے ضلعی افسران اپنی مرضی سے فیصلے کر رہے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ٹرسٹ کی نئی کمیٹی تشکیل دی جائے اور حسین آباد ٹرسٹ کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔