4 ربیع الثانی، یوم ولادت باسعادت حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام

امام زادہ حضرت ابو القاسم عبدالعظیم حسنی علیہ السلام 4 ربیع الثانی 173 ہجری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ آپ سبط اکبر امام حسن مجتبی علیہ السلام کی نسل سے تھے۔ جناب ابوالقاسم بن عبداللہ بن علی بن حسن بن زید بن امام حسن بن علی بن ابی طالب علیہم السلام۔
حضرت عبدالعظیم علیہ السلام کا شمار عظیم شیعہ علماء اور ائمہ معصومین علیہم السلام کے راویان حدیث میں ہوتا ہے اور آپ اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کے نزدیک نہایت محبوب اور معتمد شخصیت تھے۔ جیسا کہ ابوتراب رویانی سے روایت ہے کہ ابو حماد رازی کا بیان ہے کہ سامرا میں، میں امام علی نقی علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے بعض حلال و حرام مسائل کے بارے میں سوال کیا جب میں ان سے خدا حافظی کرنے لگا تو امام علیہ السلام نے فرمایا: دینی امور میں اگر حلال و حرام کے بارے میں کسی مسئلہ میں تمہیں دشواری کا سامنا ہوا تو عبدالعظیم حسنی سے پوچھ لینا اور انہیں میرا سلام بھی پہونچا دینا۔ (نوری، مستدرک الوسائل، ج17، ص321)