ہندوستان : لداخی عوام پر وحشیانہ جبر و تشدد افسوسناک ہے: آغا سید حسن موسوی الصفوی
هندوستان : لداخی عوام پر وحشیانہ جبر و تشدد افسوسناک ہے: آغا سید حسن موسوی الصفوی
انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے صدر اور بانی انجمنِ بین المذاہب مکالمہ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے آج مرکزی امام باڑہ بدگام میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے لداخ کے عوام پر ڈھائے گئے ریاستی جبر کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ برس سے لداخ کے عوام اپنے جائز اور بنیادی آئینی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، جن میں ریاستی درجہ، با اختیار اسمبلی (مقننہ) اور آئین ہند کی چھٹی شیڈول میں شمولیت شامل ہے، مگر مرکزی حکومت ان مطالبات کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے۔
آقا سید حسن نے کہا کہ حکومت کی بے حسی اور تین برس تک بے نتیجہ مذاکرات کے بعد لداخ کے عوام نے پندرہ روزہ پُرامن بھوک ہڑتال شروع کی، لیکن عوامی مطالبات کو سننے کے بجائے بھوک ہڑتالیوں کو گرفتار کر لیا گیا جس کے نتیجے میں لداخ میں شدید عوامی احتجاج اور بے چینی پھیل گئی۔
انہوں نے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ فی الفور جابرانہ اقدامات بند کرے، عوامی جمہوری تمناؤں کا احترام کرے، لداخ کے عوام کے ساتھ بامعنی مذاکرات کرے اور ان کے آئینی، شہری و سیاسی حقوق کو مزید تاخیر کے بغیر بحال کرے۔