بنکاک میں مرکزی شاہراہ پر 160 فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا
بنکاک میں مرکزی شاہراہ پر 160 فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بدھ کی صبح ایک مصروف سڑک کا حصہ دھنس گیا جس سے مرکزی ہسپتال کے سامنے درجنوں میٹر گہرا گڑھا بن گیا اور قریبی رہائشیوں کو انخلا پر مجبور ہونا پڑا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ ایک مقامی پولیس اسٹیشن اور واجیرا ہسپتال کے باہر رہائشی علاقے میں پیش آیا، جہاں تقریباً 50 میٹر (160 فٹ) چوڑا گڑھا بننے سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے اور ایک پھٹے ہوئے پائپ سے پانی اُبل کر باہر آنے لگا، عینی شاہدین کے مطابق ایک پک اپ ٹرک گڑھے کے کنارے پر خطرناک انداز میں لٹکا ہوا نظر آیا۔
بینکاک کے ڈیزاسٹر پریوینشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سورییاچائی راویوان نے بتایا کہ زمین دھنسنے کی ممکنہ وجہ حالیہ شدید بارش اور پائپ کا رساؤ ہے، ان کے مطابق پانی کے رِساؤ سے سڑک کے نیچے کی مٹی بہہ گئی جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا، بہنے والی مٹی زیرِ تعمیر میٹرو اسٹیشن میں جا گری جس سے زمین بیٹھ گئی۔
یہ سرنگ سرکاری ماس ریپڈ ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیرِ تعمیر منصوبے کا حصہ ہے، جس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، دھنسنے والی سڑک کے سامنے موجود پولیس اسٹیشن کو خالی کرا لیا گیا جبکہ قریبی اپارٹمنٹس سے بھی رہائشیوں کو نکالنے کے احکامات دیے گئے۔