پاکستانخبریں

بلوچستان میں مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفر ایکسپرس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 4 افراد زخمی

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے نواحی علاقے اسپیزنٹ میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ بلوچستان میں متعدد ایسے واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں شدت پسندوں نے صوبے کے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر اور ریلوے ٹریکس کو نشانہ بنایا ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان اور سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ زخمی ہونے والے تین افراد کو سول ہسپتال ٹراما سینٹر جبکہ ایک زخمی بچے کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، ریلوے کوئٹہ ڈویژن کے پبلک ریلیشنز آفیسر محمد کاشف نے بتایا کہ اسپیزنٹ میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں پشاور سے کوئٹہ جانیوالی جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرین پشاور سے کوئٹہ آ رہی تھی اور اس میں 270 مسافر سوار تھے، مزید بتایا کہ دھماکے کے بعد ریلیف ٹرین کوئٹہ سے روانہ کر دی گئی جبکہ امدادی کارروائیوں کے لیے آفیسرز کی ٹیم، ریسکیو ٹرک اور پرائیویٹ کرینیں موقع پر پہنچا دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کی مرمت اور بوگیوں کو ہٹانے کے کام کا آغاز دن کی روشنی میں کیا جائے گا، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی مقام کے قریب ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔

اس سے قبل کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس بلوچستان کے سبی میں بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی تھی، جہاں پٹڑی کے قریب نصب بم مسافر ٹرین کے گزرنے کے فوراً بعد پھٹا تھا۔

ایک اور واقعہ 24 جولائی کو پیش آیا تھا، جب ایک زور دار دھماکے نے کوئٹہ۔سبی ریلوے سیکشن کو ہلا دیا تھا اور بولان میل کی ایک بوگی کو نقصان پہنچا تھا۔

28 جولائی کو سندھ کے سکھر میں جعفر ایکسپریس کی پٹڑی سے اترنے کی ابتدائی وجہ دھماکے کو قرار دیا گیا تھا، حتیٰ کہ سرکاری میڈیا نے بھی یہی دعویٰ کیا تھا، تاہم وزارت ریلوے نے بعد ازاں کہا تھا کہ یہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔

جون میں جیکب آباد میں ریموٹ کنٹرول دھماکا خیز آلہ ریلوے ٹریک پر نصب کیا گیا تھا، جس کے دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button