بھارتی ریاست آسام میں 5.8 شدت کا زلزلہ
بھارتی ریاست آسام میں 5.8 شدت کا زلزلہ
بھارتی ریاست آسام میں 5.8 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے سبب عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمن ریسرچ سینٹر کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست میں زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ ہوئی ہے اور اس کا مرکز زیرِ زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے یہ جھٹکے شمالی بنگال اور پڑوسی ریاست بھوٹان میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
گوہاٹی سے آسام حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث کسی قسم کی اموات اور نقصانات کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، حکومتی ادارے الرٹ ہیں۔
اس سے قبل روس کے مشرقی علاقے کمچاتکا کے ساحل کے قریب طاقتور زلزلے سے زمین لرز گئی، زلزلے کی شدت 7.1 شدت محسوس کی گئی، جس کی گہرائی محض 10 کلومیٹر (6.2 میل) تھی۔
رائٹرز نے امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے حوالے سے بتایا کہ کمچاتکا کے ساحل کے قریب زلزلے کی شدت 7.4 اور گہرائی 39.5 کلومیٹر (24.5 میل) تھی۔
بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شدید جھٹکوں کے باعث سونامی کی لہریں اٹھنے کا خطرہ ہے۔ تاہم جاپان، جو کمچاتکا جزیرہ نما کے جنوب مغرب میں واقع ہے، وہاں کی موسمیاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔