پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب متاثرین کی تین کشتیوں کے الٹنے کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 67 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے مسلسل ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سیلاب سے بدترین متاثرہ جنوبی پنجاب میں لوگ محفوظ مقامات تک پہنچنے کے لیے کشتیوں کا سہارا لے رہے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں مسلسل کشتی حادثات سامنے آ رہے ہیں۔
محکمہ ریسکیو کے مطابق، گزشتہ دو دنوں میں کشتی الٹنے کے 6 مختلف واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ 67 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
اہم واقعات کی تفصیل:
جلالپور پیر والا:
گزشتہ رات 28 افراد کو لے جانے والی کشتی دریا میں ڈوب گئی۔
اب تک 19 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، 5 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ 4 افراد کی تلاش جاری ہے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں متاثرین درختوں کا سہارا لے کر مدد کا انتظار کرتے نظر آ رہے ہیں۔
موضع دراب پور:
19 افراد کو لے جانے والی کشتی ڈوبنے سے ایک بچی لاپتہ ہوئی، جس کی لاش بعد میں مل گئی۔ باقی 18 افراد کو بچا لیا گیا۔
بہاول نگر، چک لالیکا:
کشتی الٹنے سے 2 افراد لاپتہ ہوگئے، جبکہ 20 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔
تحصیل اُچ شریف:
ایک نجی کشتی، جس میں تین افراد اپنے اہل خانہ کے لیے کھانا لے جا رہے تھے، الٹ گئی۔ تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔