خبریںدنیا

کیوبا ایک بار پھر تاریکی میں ڈوب گیا

ہوانا. کیوبا ایک بار پھر تاریکی میں ڈوب گیا ہے، جہاں لاکھوں شہری بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کیوبا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس سے لاکھوں شہری متاثر ہو گئے، کیوبا میں ایک سال کے دوران یہ پانچویں مرتبہ ہے جو بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا۔

بریک ڈاؤن سے ملک میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوئے اور معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے، وزارت توانائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ بجلی کے نظام کا مکمل رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس کا تعلق انتونیو تھرمو الیکٹرک پاور پلانٹ کے غیر متوقع طور پر بند ہونے سے ہو سکتا ہے۔

بریک ڈاؤن ہوتے ہی ہوانا بھر میں ٹریفک سگنل بند ہو گئے اور لوگ اندھیرا ہونے سے پہلے راشن اور بنیادی اشیائے ضرورت خریدنے کے لیے تیزی سے نکل پڑے۔

واضح رہے کہ کیوبا تین دہائیوں سے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، حالیہ برسوں میں بجلی کی بار بار بندش دیکھی گئی جس کی وجہ بجلی کے نظام میں خرابی اور بجلی پیدا کرنے کے لیے ایندھن کے لیے وسائل میں کمی ہے۔

بریک ڈاؤن کے بعد وزارت توانائی نے کہا کہ عملہ ایک ایسا مائیکرو سسٹم تعمیر کر رہا ہے جو بنیادی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو، جس کے تحت سب سے پہلے اسپتالوں اور خوراک تیار کرنے والے کارخانوں جیسے ضروری مقامات پر بجلی بحال کی جا سکے۔

کیوبا کے وزیر اعظم مینوئل ماریرو نے ریاستی ٹی وی پر خصوصی خطاب میں عوام سے حکومت پر اعتماد بحال رکھنے کی اپیل کی، اور وعدہ کیا کہ بجلی بتدریج بحال کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ مارچ میں دارالحکومت ہوانا کے ایک سب اسٹیشن میں خرابی کے باعث پورے جزیرے میں وقفے وقفے سے بلیک آؤٹ ہوا تھا، جب کہ گزشتہ سال کے آخر میں مزید 3 بڑے بلیک آؤٹ پیش آئے تھے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button