افریقہ

کانگو :جنازے میں شریک افراد پر چھریوں، لاٹھیوں سے حملہ، 52 قتل

کانگو :جنازے میں شریک افراد پر چھریوں، لاٹھیوں سے حملہ، 52 قتل

کانگو. مشرقی کانگو میں باغیوں نے جنازے پر حملہ کر کے 52 افراد قتل کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق مشرقی کانگو میں باغیوں نے جنازے پر حملہ کیا ہے، جس میں باون افراد ہلاک ہو گئے، شہری نمازِ جنازہ میں شریک تھے کہ باغیوں نے شہریوں کو قتل کرنے کے لیے تیز دھار چھریوں، چاقوؤں اور لاٹھیوں کا استعمال کیا۔

اقوامِ متحدہ نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، کانگو حکومت نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور علاقے میں مزید فوجی تعینات کر دیے ہیں۔

روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ جنازے پر یہ حملہ اسلامک اسٹیٹ کے حمایت یافتہ گروپ الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز کے باغیوں نے کیا جس میں انھوں نے چھرے استعمال کیے اور بڑی بے رحمی کے ساتھ پچاس سے زائد لوگوں کو قتل کیا۔

یہ حملہ پیر کی رات شمالی کیوو صوبے کے لبیرو علاقے میں واقع قصبے نٹویو میں کیا گیا، ایک مقامی منتظم نے بتایا کہ مقتولین کو رات 9 بجے کے قریب نٹویو گاؤں میں ایک سوگ کی تقریب کے دوران مسلح باغیوں نے پکڑا، اور ان میں سے زیادہ تر کو چھروں سے مارا گیا۔

لوبیرو کے ملٹری ایڈمنسٹریٹر کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کی تعداد 60 کے لگ بھگ ہے اور اس میں اضافہ ہو سکتا ہے کیوں کہ ابھی بھی لوگ لاپتا ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ گروپ کانگو کے معدنیات سے مالا مال صوبے میں زمین اور وسائل پر لڑنے والی متعدد ملیشیاؤں میں سے ایک ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اے ڈی ایف گروپ نے متعدد حملوں میں 50 سے زائد شہریوں کو ہلاک کیا تھا، جب کہ جولائی میں ایک چرچ پر حملے میں 38 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button