بلوچستان میں ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمت میں 40 فیصد سے زائد اضافہ، پنجاب میں بھی قیمت بڑھی
بلوچستان میں ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمت میں 40 فیصد سے زائد اضافہ، پنجاب میں بھی قیمت بڑھی
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں صرف ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمتوں میں 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جس کے باعث غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔
کوئٹہ کی مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ جو چند ہفتے پہلے 1600 روپے میں فروخت ہوتا تھا اب 2300 روپے سے کم میں دستیاب نہیں۔
اس طرح فی کلوگرام آٹے کی قیمت میں 35 سے 40 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران گندم کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تقریباً 300 روپے اضافے کے بعد ایک ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے علاوہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت تقریباً دو ہزار روپے ہو گئی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے خصوصی اجلاس طلب کیا جسمیں گندم، آٹا اور روٹی کے نرخ برقرار رکھنے کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے بھر کی فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر فوری پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے اور ذخیرہ اندوزی کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا۔