رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کا یوم ازدواج؛ ایمان اور امانت پر مبنی شادی
10 ربیع الاول؛ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی شادی کی سالگرہ ہے۔
ایک ایسی شادی جو تاریخ اسلام کے عظیم ترین اور دیر پا واقعات میں شمار ہوتی ہے۔
یہ شادی بعثت سے تقریبا 15 برس پہلے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کے شام کے تجارتی سفر کے بعد ہوئی تھی۔
اس سفر کے دوران حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے غلام میسرہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی امانت داری اور حسن سلوک کا مشاہدہ کیا اور اسکی خبر نے حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کو حضرت محمد امین صلی اللہ علیہ وآلہ سے شادی کرنے کی خواہش دلائی۔
مشہور روایات میں شادی کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی عمر مبارک 25 سال اور حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کی عمر مبارک 40 سال بتائی گئی ہے، البتہ بعض مورخین نے دیگر اقوال بھی نقل کئے ہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کے شفیق چچا حضرت ابو طالب علیہ السلام نے خطبہ عقد پڑھا اور حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کا مہر 12 مثقال چاندی مقرر ہوا۔
اس مبارک شادی کا ثمر 6 بچے تھے جن میں سے حضرت فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہا نے تاریخ اسلام میں منفرد مقام حاصل کیا۔
حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ پر ایمان لانے والی پہلی خاتون تھیں اور تا حیات ان کی حامی اور مددگار رہیں۔