شام کے صوبہ سویدا میں دروز اقلیت کے 46 ارکان کو پھانسی دیے جانے کی رپورٹ
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ دستاویزی شواہد کی بنیاد پر شام کی عبوری حکومتی فورسز اور اس سے منسلک مسلح گروہوں نے صوبہ سویدا میں حالیہ تشدد کے دوران دروز اقلیت کے 46 ارکان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ کاروائیاں عوامی چوک، رہائشی مکانات، اسکول، اسپتال اور ایک پروگرام ہال جیسی جگہوں پر ہوئیں۔
واضح رہے کہ ماہ جولائی کے وسط میں سویدا میں مقامی گروپوں اور مسلح افواج کے درمیان خونریز جھڑپوں میں شدت آگئی تھی جس کے نتیجہ میں سینکڑوں شہریوں سمیت 2000 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
عینی شاہدین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے سیکیورٹی اور فوجی دستوں پر ان ہلاکتوں اور ماورائے عدالت پھانسیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ویڈیو فوٹیج اور گواہوں کی شہادتوں کو شائع کر کے ان پھانسیوں کو دستاویزی شکل دی اور اس واقعہ کے مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لئے ایک آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔