سوڈان میں لینڈ سلائیڈنگ سے بڑی تباہی، 1000 سے زائد جان سے گئے
سوڈان میں لینڈ سلائیڈنگ سے بڑی تباہی، 1000 سے زائد جان سے گئے
افریقی ملک سوڈان میں لینڈ سلائڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، سوڈان لبریشن موومنٹ نے اطلاع دی ہے کہ لینڈ سلائڈنگ سے کم سے کم 1000 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مغربی سوڈان کے ماررا پہاڑی علاقے میں پورا گاؤں تباہ ہوگیا، یہ گاؤں دارفور کے علاقے میں آتا ہے، صرف ایک بچہ معجزاتی طور پر زندہ بچ سکا۔
رپورٹس کے مطابق عبدالواحد محمد نور کی قیادت والے گروپ نے اپنے ایک بیان میں اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائڈ کا واقعہ پیش آیا، جس نے ایک پورے گاؤں کو صفحہ ہستی سے ملیا میٹ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارفور کے علاقے پر تحریک کار گروپ کا کنٹرول ہے، اس گروپ نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں سے امداد کی اپیل کی ہے، ہزاروں مرنے والوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ایس ایل ایم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ بہت سے افراد کی لاشیں ملبے میں دبی ہیں اور انہیں نکالنے کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں کی مدد درکار ہے۔
واضح رہے کہ سوڈان میں پہلے سے ہی جنگ کا ماحول ہے، عوام جنگ سے پیدا حالات سے نپٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اس قدرتی آفت نے انہیں اپنی زد میں لے لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد فاقہ کشی کا شکار ہورہے ہیں، سوڈانی آرمی اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان خانہ جنگی کی صورتحال ہے، جنگ سے دارفور علاقہ پہلے سے ہی متاثر ہے۔