ہندوستان میں ایام عزا 1447 ہجری اختتام پذیر، پاکستان میں آج آخری یوم غم
ہندوستان میں ایام عزا جس کا آغاز ماہ محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند دیکھ کر ہوا تھا، 8 ربیع الاول 1447 ہجری مطابق یکم ستمبر 2025 بروز پیر اختتام پذیر ہو گیا۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں 150 سالہ قدیم "کالا تعزیہ” کا جلوس اپنی دیرینہ روایت کے تحت برآمد ہوا۔ درگاہ شاہ مرداں، مزار شہید رابع کے علاوہ تمام امام بارگاہوں میں مجالس عزا منعقد ہوئیں۔
ممبئی میں 72 شبیہ تابوت کا جلوس برآمد ہوا نیز جلوس عماری بھی منعقد ہوا۔
شہر عزا لکھنو میں شب شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام مختلف امام بارگاہوں، مساجد اور مومنین کے گھروں میں مجالس عزا اور شب بیداریاں منعقد ہوئیں۔ 8 ربیع الاول کی صبح میں امام باڑہ ناظم صاحب میں مجلس عزا منعقد ہوئی بعدہ چپ تعزیہ کا جلوس برآمد ہوا جو شبیہ روضہ کاظمین میں اختتام پذیر ہوا۔ جہاں دیر رات تک انجمنیں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتی رہیں۔
امروہہ میں روایتی انداز میں 8 ربیع الاول کا جلوس برآمد ہوا۔
سیدواڑہ ایودھیا میں درگاہ حضرت عباس علیہ السلام سے بعد نماز صبح جلوس عزا برامد ہوا۔ جو اپنے قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا۔
بڑا گاؤں شاہ گنج جونپور میں 126 سال پرانا جلوس عماری اپنی دیرینہ روایت کے مطابق شبیہ روضہ امیر المومنین علیہ السلام پنجہ شریف سے بعد نماز صبح برآمد ہوا، شب شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام عزا خانہ میر کاظم حسین مرحوم میں مجلس عزا منعقد ہوئی، اسی طرح عزاخانہ سید اشرف حسین رضوی مرحوم میں مجلس عزا اور شب بیداری منعقد ہوئی۔
اس کے علاوہ فیض آباد، جلال پور، محمود آباد سمیت ملک کے تمام شیعہ نشین بستیوں میں مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا برآمد ہوئے۔