تمام مستحبات میں وسعت پائی جاتی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
تمام مستحبات میں وسعت پائی جاتی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور بدھ 3 ربیع الاول 1447 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے زیارت اربعین کی فضیلت اور وقت کے سلسلہ میں فرمایا: زیارت اربعین یعنی روز اربعین، نہ ایک دن پہلے، نہ ایک دن بعد حتی شب اربعین بھی نہیں۔ البتہ مختلف تفصیلات میں متواتر روایات موجود ہیں۔
میری نظر میں اور فقہاء کا مجموعی فتوی یہ ہے کہ تمام مستحب اعمال میں زمان و مکان اور دیگر پہلوؤں کے لحاظ سے شرعی وسعت پائی جاتی ہے کہ زیارت اربعین بھی ان ہی صورتوں میں سے ایک ہے۔
معظم لہ نے فرمایا: مثلاً اگر کوئی شخص اربعین کے موقع پر اس سے کچھ دن پہلے زیارت پر گیا لیکن روز اربعین رک نہ سکا یا اربعین کے چند دن بعد آیا تو مجموعی دلیلوں سے یہی استفادہ ہوگا کہ چونکہ مستحب اعمال میں تمام پہلوؤں میں وسعت ہے اس لئے شرعی حوالے سے کوئی حرج نہیں ہے۔
انہوں نے فرمایا: شرعی ارتقاز میں چند دن پہلے یا بعد شامل ہے، یہ نہیں کہ کوئی شخص ماہ صفر کے پہلے دن زیارت پر جائے یا ربیع الاول میں زیارت کرے تو یہ زیارت اربعین نہیں ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: ایسے حالات و شرائط میں زیارت کے ثواب کے اثرات ترتیب وار ہوتے ہیں جیسے کہ نماز شب جس کی فضیلت کا وقت آدھی رات ہے لیکن اگر کوئی اس سے پہلے یا کسی وجہ سے دن میں ادا کرے تو اسے نماز شب کا ثواب ملے گا۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔