عراق اور ایران نے سالانہ سیاحت کو ایک کروڑ تک بڑھانے کا اعلان کیا
عراق اور ایران نے سالانہ سیاحت کو ایک کروڑ تک بڑھانے کا اعلان کیا
عراق اور ایران نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سالانہ سیاحتی آمدورفت کو بڑھا کر ایک کروڑ تک پہنچایا جائے گا۔ یہ اعلان عراقی وزیرِ ثقافت، سیاحت و آثارِ قدیمہ احمد فقاک البدری نے بغداد میں ایران کی ٹورسٹ سروسز ایسوسی ایشن کے سربراہ حرمت اللہ رفیعی کے ساتھ ملاقات میں کیا۔
البدری نے کہا کہ عراق ایران کے ساتھ سیاحت میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے اور ایرانی نجی شعبے کو تاریخی، ثقافتی، طبی اور مذہبی سیاحت میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔ اس وقت سالانہ تقریباً 35 لاکھ عراقی ایران جاتے ہیں۔ منصوبے کے مطابق آئندہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں کی تعداد کو برابر تقسیم کیا جائے گا، یعنی پانچ پانچ لاکھ افراد ایران اور عراق کا سفر کریں گے۔
رفیعی نے میڈیکل ٹورزم کے فروغ اور تعلیمی و ثقافتی تبادلوں پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے تعاون کو باضابطہ بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت تیار کرنے کی تجویز دی اور خطے کے دیگر ممالک کو شامل کرتے ہوئے مشترکہ ٹورز کے انعقاد پر بھی گفتگو کی۔