یمن کے جنوبی علاقوں میں سیلاب سے ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر، آئی آر سی
یمن کے جنوبی علاقوں میں سیلاب سے ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر، آئی آر سی
بین الاقوامی امدادی تنظیم "انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی” (IRC) کی رپورٹ کے مطابق یمن کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب سے ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں اور ریلوں نے گھروں، عارضی پناہ گاہوں، کھیتوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جن میں سڑکیں، بجلی کی لائنیں اور پانی و نکاسی کا نظام شامل ہیں۔
ایمرجنسی کارروائیاں ابیان، لحج، تعز اور عدن کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شروع کی گئی ہیں۔ یہ علاقے پہلے ہی خوراک کی سنگین قلت اور غذائی قلت کا شکار ہیں۔ آئی آر سی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کے امکانات ہیں جس سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ تعز کے جبل حبشی علاقے میں فؤاد بجاش نامی شخص ہلاک جبکہ اس کی بیٹی لاپتہ ہوگئی۔ کئی افراد زخمی بھی ہوئے اور مکانات و کھیتوں کو نقصان پہنچا۔ صنعا کے بنی الحارث ضلع میں دیوار گرنے سے دو طلبہ جاں بحق ہوگئے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں ملک کے مختلف صوبوں میں 26 افراد، جن میں زیادہ تر بچے تھے، بارش اور سیلابی واقعات کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔