نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران بارشوں اور سیلاب سے 26 جون سے 28 اگست تک 819 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 111 افراد زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق این ڈی ایم اے نے مون سون سیزن کے دوران اب تک ہونے والی جانی نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مون سون کے دوران ( بارشوں، سیلاب اور ان سے جڑے واقعات و حادثات کے نتیجے میں) 26 جون سے28 اگست تک 819 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 111 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اےکے مطابق مون سون کے دوران پنجاب میں 182 اور خیبر پختونخوا میں 479 اموات ہوئیں جبکہ سندھ میں57 اور بلوچستان میں 24 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مون سون کے دوران گلگت بلتستان میں 41 اور آزاد کشمیر میں 28 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق مون سون سیزن کے دوران تاحال اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 14 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، ان میں سے 13 افراد کا تعلق پنجاب اور ایک کا کشمیر سے ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے3 کا تعلق پنجاب اور ایک کا خیبرپختونخوا سے ہے۔
رپورٹ میں املاک کے نقصان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مون سون کے دوران گزشتہ 24 گھنٹے میں 606 گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 505 مویشی ہلاک ہوئے۔