پیغام کربلا
یونٹی کالج سیکنڈ شفٹ میں بعنوان "پیغام کربلا” مجلس عزا منعقد
لکھنو۔ ہندوستان کے معروف شیعہ عالم دین اور ماہر تعلیم مرحوم مولانا ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی کے قائم کردہ یونٹی کالج کے سیکنڈ شفٹ میں بعنوان "پیغام کربلا” مجلس عزا منعقد ہوئی۔ جس میں بچوں نے پیغام کربلا کی مناسبت سے پینٹنگ، اقوال امام حسین علیہ السلام اور مشہور زمانہ شخصیات کی جانب سے امام حسین علیہ السلام کی شخصیت پر ان کے اظہار خیال کو بہت ہی خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ جن میں سے چنندہ پینٹنگ، کتبات و اقوال کو انعام سے بھی نوازا گیا۔ طلاب و طالبات نے تلاوت قرآن کریم، سلام و نوحے پیش کئے۔ یونٹی کالج کے استاد مولانا سید ارشد حسین عرشی نے مجلس کو خطاب کیا۔
اس مجلس عزا میں یونٹی کالج کے ذمہ داران، کارکنان، اساتذہ، طلاب و طالبات کے علاوہ شہر کی معروف تعلیمی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
یونٹی کالج لکھنو کے سکریٹری سید نجم الحسن رضوی اور یونٹی کالج سیکنڈ شفٹ کے روح رواں ڈاکٹر سید کلب سبطین نوری نے طلاب و طالبات کی کاوشوں کو سراہا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔