20 صفر؛ چہلم امام حسین علیہ السلام
چہلم جو کربلا میں بہتر کا ہو چکا
پیوند بیکسوں کے تن و سر کا ہو چکا
اور فاتحہ حسین کے لشکر کا ہو چکا
قبروں پہ شور آل پیمبر کا ہو چکا
ماتم میں تین روز رہے شور و شین سے
روئے لپٹ لپٹ کے مزار حسین سے
امام حسن عسکری علیہ السلام کی حدیث کی روشنی میں مومن کی ایک علامت یوم اربعین امام حسین علیہ السلام کی زیارت ہے۔
روایت کے مطابق 20 صفر کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کے جلیل القدر صحابی جناب جابر بن عبداللہ انصاری اپنے شاگرد جناب عطیہ عوفی کے ساتھ کربلا تشریف لائے، فرات میں غسل کیا اور پاکیزہ لباس زیب تن کر کے امام حسین علیہ السلام کی قبر مبارک پر تشریف لائے۔
واضح رہے کہ جناب جابر بن عبداللہ انصاری اور جناب عطیہ امام حسین علیہ السلام کی قبر مبارک کے پہلے زائر ہیں۔
اسی طرح روایت میں ہے کہ 20 صفر کو ہی اسیران اہل بیت علیہم السلام کا قافلہ زندان شام سے رہائی کے بعد کربلا پہنچا۔ جہاں تین دن تک اہل حرم نے عزاداری کی۔