ہر سچا انسان امام حسین علیہ السلام کو سلام اور یزید پر لعنت کرتا ہے: مولانا سید رضا حیدر زیدی
لکھنؤ۔ شاہی آصفی مسجد میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: میں اپنے آپ کو اور آپ تمام حضرات کو تقوی الہی اختیار کرنے کی نصیحت اور وصیت کر رہا ہوں، تقوی یعنی اللہ سے ڈرنا، واجبات پر عمل کرنا، حرام کام سے بچنا، یہ ہے تقوی کی ابتدا، کمالِ تقوی یہ ہے کہ انسان مکروہات سے بھی پرہیز کرے، مستحبات پر بھی عمل کرے اور معراج تقوی یہ ہے کہ جو مشکوک چیزیں ہیں ان سے بھی اجتناب کریں۔ تقوی کا مقصد یہ ہے کہ انسان کے ذہن میں ہمیشہ یہ خیال رہے کہ اللہ تبارک و تعالی کی ذات ہمیں دیکھ رہی ہے۔ ہم تنہائی میں ہوں، مجمع میں ہوں، رات کے اندھیرے میں ہوں، دن کے اجالے میں ہوں، کسی بھی حال میں ہوں ہمیں اللہ دیکھ رہا ہے، اسی کی بارگاہ میں جانا ہے اور حساب و کتاب دینا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا کے خطبہ کے فقرات کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: بلا تفریق مذہب ملت، بلا تفریق رنگ و نسل ہر سچا انسان امام حسین علیہ السلام کو سلام کرتا ہے اور یزید پر لعنت کرتا ہے۔
امام حسن عسکری علیہ السلام کی حدیث بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: زیارت اربعین مومن کی ایک علامت ہے۔ روایات کے مطابق اسی دن اسیران اہل حرم کربلا پہنچے ہیں، اسی دن شہدائے کربلا علیہم السلام کے سر ان کے جسموں سے ملحق ہوئے یعنی کربلا میں دفن ہوئے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے عراق میں عراقی فورسز کے ذریعہ داعش کے دہشت گردوں کی گرفتاری کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ دہشت گرد نجف اشرف سے کربلا معلی کے درمیان مشی کے راستے میں حملہ اور دھماکہ کرنے والے تھے لیکن عراقی فورس اور پولیس نے اپنی حکمت سے انہیں گرفتار کر لیا اور یہ بھی اطلاع ہے کہ ان دہشت گردوں کا تعلق اسرائیل سے تھا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے ایک سنی عالم کی ڈائری کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: جنت البقیع سمیت دیگر تمام منہدم قبریں جہاں مقدس روضے ہیں وہیں آثار قدیمہ یعنی وہ قدیم اسلامی آثار ہیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید فرمایا: لوگ حقائق سے ناواقف ہیں، پروپگنڈے کا شکار ہیں لہذا ان کو حقائق سے آگاہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔