افریقہ

صومالیہ میں فوجی آپریشن، 100 الشباب دہشتگرد ہلاک

صومالیہ میں فوجی آپریشن، 100 الشباب دہشتگرد ہلاک

موغادیشو (صومالیہ) — صومالی وزارتِ دفاع کے مطابق لوئر شبیلی ریجن میں الشباب کے خلاف ایک ہفتے طویل فوجی کارروائی میں 100 سے زائد دہشتگرد ہلاک اور متعدد گرفتار کر لیے گئے۔

بیان کے مطابق صومالی نیشنل آرمی (SNA) نے یوگنڈا پیپلز ڈیفنس فورسز (UPDF) کے ساتھ، جو افریقی یونین ٹرانزیشن مشن اِن صومالیہ (AUSSOM) کا حصہ ہے، اس کارروائی میں اسٹریٹجک قصبہ باریری کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرایا۔ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور فوجی سازوسامان بھی برآمد کیا گیا۔

وزارتِ دفاع نے بتایا کہ فورسز اس وقت باریری اور اطراف میں کلیئرنس آپریشن کر رہی ہیں تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ہی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا تھا کہ اسی علاقے میں صومالی فوج اور افریقی یونین امن فوج نے کم از کم 70 الشباب دہشتگرد مارے ہیں۔

فوج کے مطابق گزشتہ پیر کو ہونے والی جھڑپ میں صومالی نیشنل آرمی کے دو اہلکار جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے تھے۔

باریری ایک اہم زرعی قصبہ ہے جو دارالحکومت موغادیشو سے تقریباً 73 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ الشباب گزشتہ 16 برس سے صومالی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کر رہا ہے اور اکثر سکیورٹی فورسز، سرکاری حکام اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button