آیۃ اللہ العظمی سیستانی کی تصاویر کو ذاتی مفاد اور سیاسی اغراض و مقاصد میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں
عراق کی بعض سیاسی پارٹیاں اپنے بینر اور پوسٹر پر سیاسی فائدے کے لئے آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کی تصاویر لگاتی ہیں تا کہ اس کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر کے الیکشن میں کامیاب ہو کر ذاتی مفاد اور سیاسی اغراض و مقاصد حاصل کریں۔
جس سے بارہا دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ نے منع کیا۔ اسی سلسلہ میں 3 اگست 2025 کو ایک بار پھر دفتر مرجعیت نے بیان جاری کرتے ہوئے مستقبل قریب میں ہونے والے الیکشن کے پیش نظر مرجع اعلیٰ دینی کی تصاویر کو خاص طور سے اربعین حسینی کے موقع پر سیاسی مفاد کے لئے استعمال کرنے سے روکا ہے۔
دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کا بیان مندرجہ ذیل ہے۔
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض سیاسی و خدماتی ادارے سماحۃ السید (آیۃ اللہ العظمیٰ سیستانی دام ظلہ) کی تصاویر کو اپنے بینرز اور پوسٹرز پر لگا کر عمومی مقامات—خصوصاً امام حسین علیہ السلام کی زیارت اربعین کے پیادہ روی کے راستے میں آویزاں کرتے ہیں۔
ہم ایک بار پھر اس عمل کی سختی سے نفی کرتے ہیں اور تمام افراد سے گزارش کرتے ہیں کہ ایسے طرزِ عمل سے اجتناب کریں۔
اسی طرح ہم متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں مناسب اقدامات کریں۔
8 صفر 1447ھ مطابق (2025-08-03)
دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظله) — نجف اشرف