ایران

مایوسی بدترین گناہ اور نابودی ہے: مولانا سید روح ظفر رضوی

مایوسی بدترین گناہ اور نابودی ہے: مولانا سید روح ظفر رضوی

ممبئی۔ یکم اگست 2025 کو خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر رضوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی الہی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ یقینا ہر وہ انسان جو تقوی کے ساتھ زندگی گزارتا ہے اس دنیا میں وہ کبھی ایسی مشکلات اور پریشانیوں میں گرفتار نہیں ہوتا کہ جس سے نکل نہ پائے کیونکہ خداوند عالم نے قرآن مجید میں یہ اعلان کیا ہے کہ جو تقوی اختیار کرے گا خدا اس کے لئے راستے ہموار کرے گا۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے نا امیدی اور مایوسی کے نقصانات بیان کرتے ہوئے فرمایا: قرآن کریم اور احادیث معصومین علیہم السلام کی روشنی میں نا امیدی اور مایوسی کفر ہے، مایوسی بدترین گناہ ہے، نابودی کا پیش خیمہ ہے۔ مایوسی آگ ہے جو جلا دیتی ہے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے دعائے کمیل کے فقرہ "اِرْحَمْ مَنْ رَأْسُ مَالِهِ الرَّجَاءُ” یعنی خدایا! تجھ پر امید ہی جس کا کل سرمایہ ہو اس پر رحم فرما، کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ہم مولا علی علیہ السلام پر ایمان رکھتے ہیں لہذا ان کے فرمان پر عمل کریں اور یقین کر لیں کہ ہمارا کل سرمایہ امید ہے نا امیدی نہیں ہے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: ایام عزا ہیں۔ کوشش کریں کہ وہ کام کریں جس سے ہم اہل بیت علیہم السلام سے قریب ہوں، ایسے کام انجام نہ دیں کہ جس سے ہم اہل بیت علیہم السلام سے دور ہو جائیں‌۔

مولانا سید ظفر رضوی نے مومنین سے اپیل کرتے ہوئے فرمایا: ایسی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور دوسروں کو فارورڈ کرنے سے پرہیز کریں جس سے قوم کی بدنامی ہوتی ہے، بلکہ جو بھیج رہے ہیں ان کو بھی منع کریں، جن کی ویڈیو ہو ان سے گفتگو کریں کہ آئندہ ایسا نہ کریں۔ ہم خود سبب نہ بنے اس بری بات یا اس برے کام کو پھیلانے کا۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے امام حسین علیہ السلام کی حدیث "میرے جیسا اس (یزید) جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: یعنی قیامت تک حسین علیہ السلام یزید کی بیعت نہیں کر سکتے، کوئی حسینی کسی یزید کی بیعت نہیں کر سکتا۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے عزاداری کے سلسلہ میں فرمایا: ہم لوگوں کو دکھانے کے لئے کام نہ کریں بلکہ صرف مولا کو دکھانے کے لئے کام کریں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button