"مفید” ایپ کا زائرین اربعین کے لیے مفت آن لائن رہائش بکنگ سروس کا آغاز
"مفید” ایپ کا زائرین اربعین کے لیے مفت آن لائن رہائش بکنگ سروس کا آغاز
تطبیق (ایپلیکیشن) "مفید” نے سال 1447 ہجری کے لیے زائرینِ اربعین کے لیے مفت الیکٹرانک رہائش بکنگ سروس کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت یکم صفر 1447ھ، مطابق 26 جولائی 2025 سے دستیاب ہے، جس کا مقصد کربلا جانے والے زائرین کے سفر کو سہل اور منظم بنانا ہے۔
یہ نئی خدمت عراق اور ایران میں موجود 1500 سے زائد میزبانوں (گھریلو افراد اور حسینیات کے منتظمین) کے تعاون سے پیش کی گئی ہے، جو روزانہ 75 ہزار سے زائد زائرین کو قیام کی سہولت فراہم کرنے کی استعداد رکھتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد زائرین کو محفوظ، آرام دہ اور بلا معاوضہ رہائش مہیا کرنا اور رہائش و ضیافت کے نظام کو آسان اور مؤثر ٹیکنالوجی کے ذریعے منظم بنانا ہے۔
زائرین ایک آن لائن لنک کے ذریعے مختلف میزبانوں کے درمیان رہائش کا انتخاب کر سکتے ہیں، جہاں فوری رابطے، متعدد زبانوں میں سہولت اور چوبیس گھنٹے تکنیکی مدد بھی دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ، جو افراد زائرین کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں، وہ بھی ایپ کے ذریعے خود کو میزبان کے طور پر رجسٹر کر سکتے ہیں۔
ایپ انتظامیہ کے مطابق، اب تک 25 سے زائد ممالک کے افراد اس ڈیجیٹل اقدام کا حصہ بن چکے ہیں، اور توقع ہے کہ اربعین کے موسم میں عراق کے اندر میزبانوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا، جو امام حسین علیہ السلام کی طرف رواں عالمی روحانیت کا مظہر ہے۔