ادارہ مصباح الحسین علیہ السلام کی عراقی وزیر اعظم سے زیارت اربعین میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست
ادارہ مصباح الحسین علیہ السلام کی عراقی وزیر اعظم سے زیارت اربعین میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست
دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ سے وابستہ ثقافتی فلاحی ادارہ مصباح الحسین علیہ السلام نے عراقی وزیر اعظم کے نام ایک رسمی خط میں زائرین اربعین کے لئے حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ان میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایام اربعین کی آمد کے موقع پر شائع ہونے والے اس خط میں کہا گیا ہے: عظیم ترین اسلامی شعائر اربعین حسینی اور دنیا بھر سے لاکھوں زائرین کے استقبال کے پیش نظر عراقی حکومت کے لئے ضروری ہے کہ وہ زائرین کرام کو خدمات فراہم کرنے اور ملک میں ان کی موجودگی کو آسان بنانے کے لئے موثر اقدامات کرے۔
اس ادارے نے شعائر حسینی کی یاد اور زائرین کی صورتحال کے بارے میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کی بارہا سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے عراقی حکومت سے 2 مخصوص درخواستیں کی ہیں۔
1. زیارت اربعین کے دوران تمام عرب اور غیر عرب زائرین کے داخلے کے لئے ویزوں کی منسوخی
2. پورے سال زائرین کے لئے انفرادی ویزا جاری کرنے کی سہولت۔
ثقافتی فلاحی ادارہ مصباح الحسین علیہ السلام نے امام حسین علیہ السلام اور ان کے زائرین کی خدمت میں ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ہے اور عراقی وزیراعظم سے ان تجاویز کی منظوری کی درخواست کی ہے۔
اس خط کے آخر میں عراقی حکومت کی کوششوں کو سراہا گیا ہے اور وزیراعظم کی جانب سے اہل بیت علیہم السلام کی خدمت میں کامیابی کی خواہش کی گئی ہے۔