افغان زائرین کو اربعین کے سفر میں سنگین مشکلات کا سامنا
افغان زائرین کو اربعین کے سفر میں سنگین مشکلات کا سامنا
شیعہ نیوز کو موصولہ اطلاعات کے مطابق، افغانستانی زائرین اس سال کے اربعین حسینی کے سفر میں کئی رکاوٹوں اور مسائل کا شکار ہیں، جن میں سب سے اہم مسئلہ ویزوں کا تاخیر سے اجرا ہے۔
زائرین نے شکایت کی ہے کہ ویزا وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے وہ مراسمِ اربعین میں شرکت نہیں کر پاتے، جب کہ مہنگی ٹرانسپورٹ، سہولیات کی کمی، اور سرحدوں پر طویل انتظار ان کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بعض زائرین کو دوغارون، مہران، اور شلمچہ بارڈر پر اتنا طویل انتظار کرنا پڑا کہ وہ تھکن سے مجبور ہو کر واپس لوٹ گئے۔
کچھ افغان شہریوں نے انکشاف کیا کہ ایران کی حکومت نے اربعین ویزا کی فراہمی روک دی ہے اور اب تک کسی افغان شہری کو ویزا جاری نہیں کیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک براہِ راست پرواز جو افغانستان سے نجف جا رہی تھی اور ہر مسافر نے تقریباً 400 ڈالر خرچ کیے تھے، اسے عراق میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی اور پرواز کو واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔
افغان زائرین نے ایرانی اور عراقی حکام سے اپیل کی ہے کہ ان مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ وہ بھی اس عظیم روحانی اجتماع کا حصہ بن سکیں۔