لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں نماز جمعہ 25 جولائی 2025 کو حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث "دنیا سے چار چیزیں مت مانگو کیونکہ وہ تمہیں نہیں ملیں گی اور تمہارے پاس ضرور ہونی چاہئیے۔ ایسا عالم جو اپنے علم کو استعمال کرتا ہو، تو تم بغیر عالم کے رہ جاؤ گے، ایسا عمل جو ریاکاری سے خالی ہو، تو تم بغیر عمل کے رہ جاؤ گے، ایسا کھانا جو مشتبہ نہ ہو ورنہ تم بغیر کھانے کے رہ جاؤ گے اور ایسا دوست جو بے عیب ہو ورنہ تم بغیر دوست کے رہ جاؤ گے۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ہر ایک میں کوئی نہ کوئی کمی ضرور ہوتی ہے لہذا اگر کوئی چاہے کہ ایسا اہل علم ملے جو سو فیصد عمل کرتا ہو تو وہ نہیں ملے گا اور اگر ملے گا بھی تو بہت مشکل سے ملے گا۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امیر المومنین علیہ السلام کی حدیث "خدایا! تجھے لائق عبادت سمجھ کر عبادت کرتا ہوں۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ظاہر ہے جو جنت کی لالچ میں عمل کر رہا ہے تو جنت بھی غیر خدا ہے وہ بھی حقیقی مقام عبادت نہیں ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے خمس کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگرچہ کوئی عام انسان کے مال کو چوری نہیں کر رہا ہے لیکن اگر خمس نہیں نکال رہا ہے تو بہرحال امام کے مال میں سرقت ضرور کر رہا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مخلص دوست کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: اگر ہمیں مخلص دوست نہ ملے تو کم از کم خود کسی کے مخلص دوست بن جائیں، یعنی دوسروں کو نہ سدھار سکیں تو کم از کم خود کو سدھار لیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث "3 لوگوں پر رحم کھاؤ۔ ایسا مالدار جو فقیر ہو گیا ہو، ایسا قوم کا باعزت شخص جو ذلیل ہو گیا ہو اور ایسا عالم جس سے احمق اور جاہل لوگ کھیل رہے ہوں۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ایسا عالم اور فقیہ جس سے جاہل کھیل رہے ہوں تو اس کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے بلکہ اس پر رحم کھانا چاہیے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے ماہ صفر میں دعا "یا شديد القوى…..” پڑھنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا: سب سے بڑی طاقت اللہ ہے۔