ہندوستان میں شدید بارش کا قہر: ممبئی میں نظام زندگی مفلوج، راجستھان میں اسکول کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق
ہندوستان میں شدید بارش کا قہر: ممبئی میں نظام زندگی مفلوج، راجستھان میں اسکول کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق
ہندوستان کے مختلف علاقوں میں جاری موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ ممبئی اور اس کے اطراف کے اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے لگاتار بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ شہری انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور ایمرجنسی سروسز الرٹ پر ہیں، جبکہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری 100، 112 یا 103 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں دباؤ کے باعث اڈیشہ اور جنوبی بنگال میں 28 جولائی تک شدید بارش کا امکان ہے۔ میوربھنج اور کیونجھر اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دیگر 10 اضلاع میں اورنج الرٹ نافذ ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے اور ساحلی علاقوں کے رہائشیوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ کولکاتا، سالٹ لیک، ہاوڑہ اور دیگر اضلاع میں بارش کے باعث اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
اسی دوران، ریاست راجستھان کے شہر جھالاور میں پپلوڈی گورنمنٹ اسکول کی چھت گرنے سے 7 بچے جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کی پرانی عمارت شدید بارش برداشت نہ کر سکی۔ ذرائع کے مطابق عمارت کی خستہ حالی کی شکایات پہلے سے موجود تھیں، مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
شدید بارشوں اور ناقص انفراسٹرکچر نے ایک بار پھر حکومتی غفلت کو بے نقاب کر دیا ہے۔